بھٹکل:یکم اکتوبر (ایس اؤنیوز) بھٹکل ریلوے اسٹیشن کی جدیدطرز پر ترقی اور دیگر عوامی سہولیات کو لے کر بھٹکل تعلقہ منکولی کے مکین کرشنانند پربھو اور بھٹکل کے سماجی کارکن سید حسن برماور کی طرف سے دی گئی درخواستوں کو د یکھتے ہوئے یکم اکتوبر بروز اتوار کو بھٹکل ریلوے ٹریننگ سنٹر میں کونکن ریلوے کے متعلقہ افسران کے ساتھ بھٹکل کے سماجی اداروں، کارکنوں اور عوام کے ساتھ میٹنگ منعقد ہوئی ۔
کونکن ریلوے کے ریجنل مینجر محمد عاصم سلیمان نے میٹنگ کی غرض وغایت بتاتے ہوئے بتایا کہ ہمیں عرضی دی گئی تھی کہ بھٹکل کے عوام بالخصوص این آر ائیز بھٹکل ریلوے اسٹیشن کو ترقی دینے کے خواہاں ہیں ، ہم نے یہ سوچا کہ اس تعلق سے بھٹکل میں ہی سماجی اداروں، کارکنوں اور متعلقہ ذمہ داروں کےساتھ مل بیٹھ کر خوشگوار ماحول میں سوچ بچارکیا جائے اور بھٹکل ریلوے اسٹیشن کو ترقی دینے کا منصوبہ بنایا جائے ۔
عرضی گزاروں نے جو مطالبات پیش کئے تھے اس کا جواب انہیں دیا جاچکاہے۔ البتہ بھٹکل ریلوے اسٹیشن کو مزید ترقی دینے اور سہولیات سے آراستہ کرنے کے لئے اگر کوئی آگے بڑھتاہے تو ہم اس کا بھرپور تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے مطالبات کے متعلق بتایا کہ عرضیوں میں بتایا گیا تھا کہ اسٹیشن کا پہلا اور دوسرا پلاٹ فارم استعمال کے لائق نہیں ہے حالانکہ ڈی کلاس کے اسٹیشن کو جو سہولیات دی جاسکتی ہیں ریلوے بورڈ کے مطابق ہم نے وہ تمام سہولیات فراہم کی ہیں۔ دوسرے پلاٹ فارم پر پینے کے پانی کا انتظام کئے جانے کو منظوری دی گئی ہے ، ایک چھوٹاسا شلٹر اور بیٹھنےکے لئے نشستوں کو بھی منظوری دی گئی ہے موسم باراں کے بعد یہ تمام کام شروع کئے جائیں گے اور امید ہے کہ دسمبر 2017تک کام تکمیل کو پہنچے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ریلوے اسٹیشن کے داخلہ روڈ کے متعلق شکایت کی گئی تھی کہ وہ سڑک بے حد خستہ حال ہے اور استعمال کے قابل نہیں ہے تو ہم نے سڑک کی درستگی کو بھی منظوری دیتے ہوئے دسمبر سے پہلے کام مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جہاں تک ایکسپرس ٹرینوں کو بھٹکل میں اسٹاپ دینے کا مطالبہ ہے اس میں غریب رتھ۔ ترویندرم ایکسپرس، کوچوولی ایکسپریس ، ناگرکوئیل ایکسپریس اور بیکانیر ایکسپرس کو بھٹکل میں اسٹاپ دینے کی مانگ کی گئی ہے، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ کسی بھی ٹرین کو اسٹاپ دینے کا اختیار کونکن ریلوے کو نہیں ہے دیگر زونس کے افسران سے گفتگو کرنےکے بعد اس کا فیصلہ لیا جاتاہے۔ البتہ بھٹکل میں مسافروں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے ہم ان میں سے کسی تین ٹرینوں کو بھٹکل میں اسٹاپ دے سکتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ محکمہ ریلوے بھٹکل ریلوے اسٹیشن کو اسپانسر شپ دینے پر اُن لوگوں کا استقبال کرے گا۔ اگر این آر ائیز ، سماجی تنظیمیں عوامی تعاون سے اسٹیشن کو جدید طرز پر ترقی دینے کےلئے آگے آتے ہیں تو ہم اُن کا بھرپور استقبال کرتے ہیں۔
میٹنگ میں شری دھر بھٹ، کمرشیل مینجر مڈگاؤں۔ ستیش ہیگڈے ،کمرشیل سوپر وائزر اُڈپی، کے ایس این مورتی ، بھٹکل ریلوے اسٹیشن آفیسر سمیت سماجی کارکن سید حسن برماور اور کرشنانند پربھو سمیت کئی دیگر لوگ موجود تھے۔